Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/
حضرت سلمان فارسیؓ کی ایک طویل روایت بیہقی شریف میں نقل ہوئی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان کی آخری تاریخ کو خطبہ ارشاد فرمایا: ''کہا لوگو تمہارے اوپر ایک بہت مبارک مہینہ سایۂ فگن ہونے والا ہے۔‘‘ اس حدیث میں آپؐ نے فرمایا کہ یہ بڑی برکت والا مہینہ ہے۔ یہ صبر اور باہمی محبت کا مہینہ بھی ہے۔ اس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے زیادہ افضل ہے۔ اس مہینہ میں مومن کا رزق بڑھا دیا جاتا ہے‘ اگر کوئی شخص کسی روزہ دار کا روزہ کھلوائے تو وہ اس کے گناہوں کی مغفرت اور اس کی گردن کو دوزخ کی سزا سے بچانے کا ذریعہ ہے اور اس کے لیے اتنا ہی اجر ہے جتنا اس روزہ دار کے لیے روزہ رکھنے کا ہے‘ بغیر اس کے کہ اس روزہ دار کے اجر میں کوئی کمی واقع ہو---حضرت سلمانؓ کہتے ہیں کہ ہم نے عرض کیا یا رسول اللہ! ہم میں سے ہر ایک کو یہ توفیق میسر نہیں کہ کسی روزہ دار کا روزہ کھلوائے۔ رسول اللہ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ یہ اجر اس شخص کو (بھی) دے گا ‘جو کسی روزہ دار کو دودھ کی لسی سے روزہ کھلوا دے یا ایک کھجور کھلا دے یا ایک گھونٹ پانی پلا دے۔
حضرت سہل بن سعدؓ روایت بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ''جنت کے آٹھ دروازے ہیں ‘جن میں سے ایک دروازے کو ''رَیَّان‘‘ کہتے ہیں۔ اس دروازے سے (جنت میں) صرف روزہ رکھنے والے ہی داخل ہوں گے‘‘۔ (متفق علیہ) مولانا مودودیؒ رَیَّان کی تشریح میں لکھتے ہیں کہ رَیَّان کا لفظ رِی سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں سیراب کرنا‘ آبپاشی کرنا۔ رَیَّان سے مراد وہ دروازہ ہے جو سیراب کرنے والا ہے۔آج بھی یہ ماہِ مبارک ہم پر سایۂ فگن ہوا چاہتا ہے۔ یہ ماہِ مبارک از اول تا آخر خیر ہی خیر ہے۔ اس کا پہلا عشرہ رحمت‘ دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ دوزخ کی آگ سے خلاصی کی نوید لے کر آتا ہے۔ حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ماہِ شعبان ہی میں استقبال رمضان کے لیے کمرِ ہمت باندھ لیا کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم عام دنوں میں بھی نیکی کے کاموں میں مشغول رہتے‘ مگر رمضان میں بہت زیادہ عبادت الٰہی کا اہتمام فرماتے۔ ہمیں بھی ماہِ شعبان کے آتے ہی اپنے تمام امور و معاملات کو اس نقطئہ نظر سے منضبط کر لینا چاہیے کہ رمضان المبارک کی ایک ایک گھڑی ہمارے لیے مفید اور با برکت ثابت ہو۔
روزے کی فرضیت: روزے کی فرضیت کا حکم ہجرت کے ڈیڑھ سال بعد مدینہ منورہ میں وحی کے ذریعے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا۔'' اے لوگو!جو ایمان لائے ہو‘ تم پر روزے فرض کر دیے گئے‘ جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیرووں پر فرض کیے گئے تھے۔ توقع ہے کہ ان سے تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہو گی۔ چند مقررہ دنوں کے روزے ہیں۔ اگر تم میں سے کوئی بیمار ہو یا سفرپر ہو تو دوسرے دنوں میں اتنی ہی تعداد پوری کر لے اور جو لوگ روزہ رکھنے کی قدرت رکھتے ہوں (پھر نہ رکھیں) تو وہ فدیہ دے دیں۔ ایک روزے کا فدیہ ایک مسکین کو کھانا کھلانا ہے اور جو اپنی خوشی سے کچھ زیادہ بھلائی کرے‘ تو یہ اُسی کے لیے بہتر ہے۔ لیکن اگر تم سمجھو تو تمہارے حق میں اچھا یہی ہے کہ تم روزے رکھو‘‘۔ (سورۃ البقرۃ‘ آیت نمبر 183‘ 184) یہ حکم 2ھ کا ہے۔ اس سے اگلی آیت نمبر 185 میں‘ جو ایک سال بعد نازل ہوئی‘ حکم دے دیا گیا کہ روزے میں چھوٹ محض معذور ودائمی مریض لوگوں کے لیے ہے۔ تندرست وتوانا لوگوں کو روزہ ہی رکھنا ہو گا۔''
رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو انسانوں کے لیے سراسر ہدایت ہے اور ایسی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے جو راہِ راست دکھانے والی اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہیں‘ لہٰذا اب سے جو شخص اس مہینے کو پائے‘ اس کو لازم ہے کہ اس پورے مہینے کے روزے رکھے اور جو کوئی مریض ہو یا سفر پر ہو‘ تو وہ دوسرے دنوں میں روزوں کی تعداد پوری کرے۔ اللہ تمہارے ساتھ نرمی کرنا چاہتا ہے‘ سختی کرنا نہیں چاہتا۔ اس لیے یہ طریقہ تمہیں بتایا جارہا ہے تاکہ تم روزوں کی تعداد پوری کر سکو اور جس ہدایت سے اللہ نے تمھیں سرفراز کیا ہے‘ اس پر اللہ کی کبریائی کا اظہار و اعتراف کرو اور شکر گزار بنو‘‘۔ (سورۃ البقرہ‘آیت نمبر185) تقویٰ کا معیار: روزہ‘ دین اسلام کا چوتھا رکن ہے۔عربی زبان میں روزے کو صوم کہا جاتا ہے‘جس کی جمع صیام ہے۔ مندرجہ بالا آیات کے مطابق روزے کی فرضیت کی اصلی غایت اہل ایمان کے دلوں میں تقویٰ پیدا کرنا ہے؛ بلاشبہ روزہ اس کا بہترین ذریعہ ہے۔
نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کے مطابق ''تقویٰ کا منبع دل ہے‘‘ اور روزے کی حالت میں واقعتاً دل کی کیفیت بدل جاتی ہے۔ شدید بھوک اور پیاس کے باوجود مکمل تنہائی میں بھی کوئی روزہ دار کسی مشروب کا ایک قطرہ یا کسی غذا کا ایک ذرہ بھی اپنے حلق سے نیچے نہیں جانے دیتا۔ یہی تصور بندے اور رب کے درمیان وہ تعلق قائم کرتا ہے ‘جسے تقویٰ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ روزے کو حدیث میں ڈھال بھی قرار دیا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ ڈھال دشمن کے مقابلے میں اپنے دفاع کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ نفس امارہ‘ فسق و فجور سے بھرا ہوا ماحول اور شیطان لعین ہر وقت انسان پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ ان سب کا مقابلہ کرنے کے لیے ماہِ رمضان کے روزے مسلسل تربیت کا موثر کورس ہیں۔ اس تربیت کے اثرات اگر باقی گیارہ مہینوں میں نظر آئیں تو سمجھ لیجیے کہ روزہ اللہ کے ہاں مقبول ہو گیا ہے اور روزہ دار سرخرو ہے۔ خدانخواستہ اگر ایسا نہ ہو تو روزہ محض بھوک پیاس بن کر رہ جاتا ہے۔ ایسے روزے سے روزہ دار کو کچھ حاصل نہیں ہوتا۔
موسم بہار: ماہِ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے اور خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو اپنا دامن خیروبرکت سے بھر لیں۔ ماہِ رمضان کی آمد کے باوجود جن لوگوں کو نیکی کی جانب قدم بڑھانے کی توفیق نہیں ملتی‘ ان کی بدنصیبی اس سے عیاں ہے کہ جبریل امین نے ان کے حق میں تباہی و بربادی کی دعا فرمائی اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر آمین کہا۔ اس مہینے کے فضائل بے شمار ہیں۔ حدیث میں فرمایا گیا کہ اس مہینے میں نفل عبادات کا اجر فرض کے برابر اور فرض کا اجر ستر گنا بڑھا کر دیا جاتا ہے۔ رمضان کو صبر کا مہینہ قرار دیا گیا ہے اور صبر کا بدلہ جنت بتایا گیا ہے۔ روزہ محض معدے کا نہیں ہوتا بلکہ پورے اعضا وجوارح ‘آنکھ‘ کان‘ ناک‘ زبان‘ ہاتھ‘ پائوں ‘دل و دماغ‘ فکروسوچ‘ غرض ہرچیز کو محیط ہوتا ہے۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو لوگ جھوٹی باتیں اور غلط کام ترک نہیں کرتے اللہ کو ان کی بھوک پیاس کی کوئی حاجت نہیں۔
روزہ اور جہاد: ماہِ رمضان ہر سال آتا ہے اور ایک پیغام دے کر چلا جاتا ہے۔ ماہِ رمضان کے دوران جہاد اور مجاہدین سے مکمل وابستگی‘ ایمان کا اعلیٰ درجہ ہے۔ جس سال روزے فرض ہوئے ‘اس سال ماہِ رمضان ہی میں کفرواسلام کا پہلا معرکہ بدر کے میدان میں برپا ہوا‘ جسے قرآن نے یوم الفرقان کہا ہے۔ تاریخ اسلام جہاد اور شہادت سے مزّین ہے۔ پہلی شہادت تو مکہ میں ایک صحابیہ سیّدہ سمیّہؓ کے حصے میں آئی‘ پھر اس فہرست میں ایک ہی روز یعنی یوم بدر (17؍ رمضان المبارک 2ھ) کو چودہ عظیم المرتبت شہدا کا اضافہ ہوا۔ وہ دن اور آج کا دن اس فہرست میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ جہاد جاری ہے اور قیامت کے دن تک جاری رہے گا۔ جہاد کے خلاف آج داخلی وخارجی ہر محاذ پر انتہائی گھناؤنی سازشوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ‘مگر ہمیں بطور مسلمان اللہ اور اس کے رسول کا یہ حکم ہے کہ ہم ان سازشوں کا مقابلہ کریں اور جہاد میں حصہ لیں۔ جو شخص خود عملاً جہاد میں شریک نہ ہو سکے وہ کسی مجاہد کو زادِ جہاد فراہم کر دے یا اس کے پیچھے اس کے اہلِ وعیال کی خبر گیری میں لگ جائے یا شہدا کے خاندانوں کا کفیل بن جائے تو وہ بھی عملاً جہاد میں شریک شمار ہوتا ہے۔ ایسے شخص کا اجر حدیث پاک میں مجاہدین کے برابر قرار دیا گیا ہے۔
شہدا اور ان کے پسماندگان کا اسلام میں بڑا مقام ہے۔ شہید پوری امت کا محسن ہوتا ہے۔ حضور پاک کا اسوۂ حسنہ یہ تھا کہ شہدا کے خاندانوں سے خصوصی محبت وتعلق قائم رکھتے تھے۔ ماہِ رمضان میں ہر نیک کام اور انفاق فی سبیل اللہ کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ اس مہینے میں نیکی اور انفاق میں سبقت کرنی چاہیے۔ مقدار جتنی بھی ہو‘ اخلاص کے ساتھ پیش کی جائے تو اللہ کے ہاں بڑے درجات حاصل ہوتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اس رمضان میں اور آیندہ ہمیشہ کے لیے حسب استطاعت زیادہ سے زیادہ انفاق فی سبیل اللہ کو اپنا وطیرہ بنا لیں۔
رویت ہلال: ماہِ رمضان کا چاند دیکھنے کا اہتمام ضروری ہے۔ چاند نظر آئے تو رات کو قیام یعنی تراویح اور اگلے روز صیام یعنی روزے شروع ہو جاتے ہیں۔ ہر ماہ نیا چاند نظر آنے پر جو دعا ہمیں سکھائی گئی ہے‘جامع ترمذی کے مطابق اس کے الفاظ یوں ہیں ''اَللّٰہُ اَکْبَرْ اللّٰھُمَّ اَھِلَّہ‘ عَلَیْنَا بِالْاَمْنِ وَاْلِایْمَانِ وَالسَّلَامَۃِ وَالْاِسْلَامِ وَالتَّوْفِیْقِ لِمَا تُحِبُّ وَتَرْضیٰ۔ رَبُّنَاورَبُّکَ اللَّہ۔اللہ سب سے بڑا ہے‘اے اللہ اس چاند کو ہمارے لیے ہلالِ امن و ایمان‘سلامتی اور اسلام بنا کر طلوع فرما‘ ہمیں ان کاموں کی توفیق دے‘جو تجھے پسند اور محبوب ہیں۔ اے چاند‘ ہمارا اور تیرا پروردگار اللہ ہے‘‘۔
0 Comments